ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / پاک فضائیہ کا جیٹ طیارہ کریش، پائلٹ ہلاک

پاک فضائیہ کا جیٹ طیارہ کریش، پائلٹ ہلاک

Sun, 25 Sep 2016 19:22:40  SO Admin   S.O. News Service

کراچی 25ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)پاکستان کے شمال مغربی علاقے میں ملکی فضائیہ کا ایک ایف سیون طیارہ ٹریننگ مشن کے دوران کریش کر گیا۔ پاکستان کے فوجی ذرائع کے مطابق حادثے میں طیارے کا پائلٹ ہلاک ہو گیا ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کی اسلام آباد سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق پاکستان ایئر فورس کا ایف سیون طیارہ درہ خیبر کے نزدیک جمرود کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ ملکی فضائیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس حادثے میں طیارے کا پائلٹ لیفٹینٹ عامر شہزاد ہلاک ہوگیا۔حادثے کے فوراََبعد امدادی ٹیمیں حادثے کے مقام پر پہنچ گئی تھیں۔ فوجی ذرائع کا کہنا ہے طیارہ گرنے کے باعث کوئی سویلین ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ پاکستانی فوج نے اس حادثے کا سبب جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔گزشتہ اٹھارہ ماہ کے دوران پاکستانی ایئر فورس کو مختلف حادثوں کا سامنا رہا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ برس نومبر کے مہینے میں پاکستانی فضائیہ کی خاتون پائلٹ مریم مختیار بھی ایک ٹریننگ مشن کے دوران طیارہ کریش ہونے کے باعث ہلاک ہو گئی تھیں۔مئی 2015ء میں پاکستانی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا تھا۔ اس ہیلی کاپٹر میں مختلف ممالک کے سفیر سوار تھے جنہیں پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں ایک سیاحتی مقام پر لے جایا جا رہا تھا۔ اس حادثے میں ناروے اور فلپائن کے سفیروں سمیت کئی افراد ہلاک ہوئے تھے۔اسی طرح گزشتہ برس اگست کے مہینے میں پاکستانی فوج کا ایک اور ہیلی کاپٹر مانسہرہ کے قریب کریش کر گیا تھا۔ یہ ہیلی کاپٹر ایئر ایمبولنس کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا اور اس حادثے میں بارہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔


Share: